Page Nav

HIDE

Grid

GRID_STYLE

Pages

بریکنگ نیوز

latest

اپریل فول

اپریل فول سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے اس ملک کو تباہی کی دلدل سے صرف آرمی چیف حافظ عاصم منیر ہی نکال سکتے ہیں ، دوسری طرف آرمی چیف ...

اپریل فول

سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے اس ملک کو تباہی کی دلدل سے صرف آرمی چیف حافظ عاصم منیر ہی نکال سکتے ہیں ، دوسری طرف آرمی چیف حافظ عاصم منیر نے کانوں کو ہاتھ لگاتے ہوئے کہاہے کہ جو کام عمران خان کاہے وہ بھلا میں کیسے کر سکتا ہوں ۔۔

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ نون کے سربراہ نواز شریف نے کہاہے شہباز شریف کے ہوتے ہوئے میں اب بیمارہونے کی کوئی ضرورت ہی محسوس نہیں کرتا ۔۔

عمران خان نے جیل میں بھوک ہڑتال شروع کر دی ، گزشتہ روز ان کے آگے دیسی مرغا رکھا گیا انہوں نے اسے بھی ہاتھ نہیں لگایا ۔۔

وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور اور لاڑکانہ کی وہ ساری سڑکیں توڑنے کا حکم دیاہے جس پر آصف زرداری کو انہوں نے گھسیٹنا تھا ، انہوں نے کہاہے ضرورت پڑی تو یہ سڑکیں ہم دوبارہ بنا لیں گے۔۔

سابق صدر عارف علوی کو ایوان صدر کا ڈینٹسٹ مقرر کر دیا گیا ، انہوں نے کہاہے فارغ رہنے سے بہترہے میں دانت نکالوں ۔۔

آرمی چیف نے کہاہے نو مئی کا واقعہ غلط فہمی کا نتیجہ تھا اس واقعے میں گرفتار تمام لوگ جلد رہا کر دئیے جائیں گے ، دوسری طرف عمران خان نے کہاہے اگر ایسا ہوا مجھ سے برا کوئی نہیں ہوگا ، یہ کیسے ہو سکتاہے میں اکیلا جیل میں رہوں ۔۔

لاہور میں ایک ایس ایچ او کو منتھلی طے کئے بغیر فری تعینات کر دیا گیا ۔۔

شہباز شریف نے فیصلہ کیاہے آئندہ کسی سینئر عہدے پر کسی جونیئر افسر کو تعینات نہیں کیا جائے گا ، انہوں نے کہاہے یہ فیصلہ ہم نے اپنے دل پر پتھر رکھ کے اپنی خوشامد کے سارے دروازے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے بند کرنے کے لئے کیاہے ۔۔

سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اسد جاوید وڑائچ نے قیدی عمران خان سے مطالبہ کیاہے وہ صابن کا استعمال کم کریں ، ہر دوسرے روز صابن کی ایک چکی وہ مکا دیتے ہیں جس سے جیل کا بجٹ متاثر ہو رہاہے۔۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے حکم دیاہے آئندہ ان کی کسی نیکی کی تشہیر نہ کی جائے ، انہوں نے کہاہے میں جو بھی کرتی ہوں صرف اور صرف اللہ کی رضا کے لئے کرتی ہوں ۔۔

گزشتہ روز ایک اعلیٰ افسر نے وزیراعظم شہباز شریف کے منہ پر ان کی تعریف کی تو وہ شدید برا مان گئے ، انہوں نے پاس کھڑے احد چیمے سے کہا جب تک میں وزیراعظم ہوں میری خوشامد پر مکمل پابندی لگا دی جائے ، جس کا اطلاق خود آپ پر بھی ہوگا ، وزیراعظم کے اس فیصلے سے بیوروکریسی میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ، تمام سروسز کے اعلیٰ افسران نے فوری طور پر ایک اجلاس طلب کر کے اپنے مشترکہ اعلامیہ میں کہاہے کہ یہ اقدام بیوروکریسی کے ادارے کو تباہ کرنے کے مترادف ہے ، وزیراعظم اپنا یہ فیصلہ فوری طور پر واپس لیں کیونکہ اس فیصلے سے ہم نااہل افسروں کی ایک بہت بڑی تعداد متاثرہوگی ۔۔

وفاقی وزیر احد چیمے اور اْن کی بیگم نے اپنے بچوں کی فیس معافی کے معاملے میں آسٹریلوی پرنسپل ایچی سن کالج سے معافی مانگ لی، انہوں نے کہا یہ’’فیس معافی‘‘ نہیں یہ ویسے ہی معافی ہے جو اپنے عمل پر شرمندہ ہو کرہم مانگ رہے ہیں ، انہوں نے مزید کہا اپنی اس غلطی کے ازالے کے طور پر وہ آئندہ اپنے بچوں کی ڈبل فیس ادا کریں گے۔۔

صدر زرداری نے بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھ پیلے کرنے کا فیصلہ کر لیا، منہ کالا بعد میں ہوگا۔۔

وفاقی وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اعتراف کیا ہے انہیں خارجی امور کی بھی اْتنی ہی سمجھ ہے جتنی امور خزانہ کی تھی، دوسری طرف وزارت خارجہ کے اعلیٰ افسران نے کہاہے پاکستان کو اس وقت ایسے ہی وزیر خارجہ کی ضرورت تھی جسے امور خارجہ کی کوئی سمجھ بوجھ نہ ہو۔۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گزشتہ روز وزیراعظم کو اپنے چیمبر میں طلب کیا اور خود کسی اہم کام میں مصروف ہوگئے۔۔

حکومت پاکستان نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی خدمات فوری طور پر امریکہ کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیاہے تاکہ وہ آئندہ الیکشن میں ڈونلڈ ٹرمپ کو ہروانے میں اپنی خصوصی صلاحیتیں بروئے کار لا سکیں۔۔

مفتی قوی نے ہر قسم کے بوس و کنار کی خود پر پابندی عائد کر لی۔۔

پاکستانیوں نے فیصلہ کیاہے جب تک ملک سے غربت اور بیروزگاری ختم نہیں ہوتی تب تک وہ صرف ایک حج اور ایک عمرہ کریں گے، باقی رقوم سے وہ مْلک کا قرض اتار کر ملک کو خوشحال بنا کے اپنی آخرت سنواریں گے ۔۔

ایچی سن کالج کے آسٹریلوی پرنسپل نے کہاہے مجھے اگر واپس لایا گیا میں سب سے پہلے ایچی سن کالج میں غریبوں کے بچوں کا کوٹہ مقرر کروں گا جنہیں مفت تعلیم دی جائے گی اور میں امیروں کے بچوں کے والدین کو قائل کروں گا کہ اس بات کا بْرا نہ منائیں اور اس وجہ سے اپنے بچوں کو اس سکول میں داخل کروانا بند نہ کر دیں۔۔

لمز یونیورسٹی میں طالبات پر برقع اوڑھنے کی پابندی عائد کر دی گئی۔۔

مولانا فضل الرحمان نے جیل میں عمران خان سے ملاقات میں یہ طے کیا آئندہ ان کی حکومت بنی ان کا مشترکہ صدارتی امیدوار جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ ہوں گے۔۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب پولیس میں ہر قسم کی شعبدہ بازیوں پر پابندی عائد کر دی۔۔

شہباز شریف نے کہاہے میں مکمل طور پر بااختیار وزیراعظم ہوں جس کا ایک ثبوت یہ ہے میں صبح اپنی مرضی سے آفس جاتا ہوں اور جب جی میں آئے واپس آجاتا ہوں ۔۔

سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہاہے ’’ان کی مرضی کے بغیر انہیں جتوانے کے لئے ہر حربہ استعمال کیا گیا‘‘۔۔

ملک بھر کے تمام ججوں نے فیصلہ کیاہے آئندہ وہ کوئی ایسا کام ہی نہیں کریں گے جس سے کوئی خفیہ قوت انہیں بلیک میل کر سکے۔۔

آرمی چیف کے قریبی ذرائع نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ حکومت نے اگر انہیں زبردستی ایکسٹینشن دینے کی کوشش کی وہ مارشل اللہ لگا دیں گے۔۔

صدر آصف زرداری نے اپنی ایک ماتحت قوت سے گزارش کی ہے وہ بشمول میرے اور نواز شریف کے تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرے۔۔

سابق وزیراعلیٰ سندھ سائیں قائم علی شاہ نے حکومت پاکستان کی طرف سے حال ہی میں ملنے والا تمغہ واپس کرنے کا فیصلہ کر لیا، انہوں نے کہاہے وہ تمغہ کس کام کا جو فروخت ہی نہ ہو سکے۔۔

ملک بھر کے کچھ صحافیوں نے فیصلہ کیاہے آئندہ وہ کوئی لفافہ قبول نہیں کریں گے چاہے وہ بھراہوا ہی کیوں نہ ہو۔۔

وزیراعظم شہباز شریف نے فیصلہ کیاہے آئندہ دس برسوں تک پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوگا کیونکہ آئندہ دس برسوں تک کون سی میری حکومت رہنی ہے۔۔

جاوید ہاشمی نے پاک فوج جائن کر لی، انہوں نے کہاہے کہ یہ فیصلہ انہوں نے ملک کے وسیع تر مفاد میں کیاہے۔۔

اداکارہ نرگس نے اپنا بیوٹی پارلر بند کر کے دینی مدرسہ کھول لیا، مولویوں نے اسے اپنے خلاف ایک سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہم کسی کو اپنے چھابے میں ہاتھ نہیں مارنے دیں گے۔۔

پنجاب پولیس نے امیر بالاج ٹیپو کے قاتل گرفتار کر لئے، سناہے بعد میں رہائی کا بندوبست بھی پنجاب پولیس خود ہی کرے گی۔۔

نوٹ 🙁 یکم اپریل کی نسبت سے فرضی خیالات پر مشتمل یہ طنزیہ و مزاحیہ کالم گزشتہ روز شائع ہونا چاہئے تھا جو کسی وجہ سے آج 2 اپریل کو شائع ہورہاہے )

The post اپریل فول appeared first on Naibaat.