منگل، 20 اکتوبر 2026ء9 جمادی الاول، 1448 ہجریھ4 کاتک 2083 بکرمی
پسرور

اپنا پسرور

pasrur.pk
شہرِ پسرور (Pasrur)ضلع سیالکوٹ
23°C صاف•لائیو اپڈیٹس
اہم خبریں
5 جنوری 2022Mian Ashfaq

سول ایوی ایشن پرعائد عالمی پابندیاں ختم

مطالعہ کا وقت: تقریباً 2 منٹ (255 الفاظ)

اسلام آباد: ہوا بازی کی عالمی تنظیم اکاؤ کی جانب سے پاکستان سول ایوی ایشن پر عائد عالمی پابندیاں ختم کردی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ہوا بازی کی عالمی تنظیم انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن ( اکاؤ) کی جانب سے ڈی جی سول ایوی ایشن کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں سی اے اے پر سے ’سیگنیفکنٹ سیفٹی کنسرن‘ کا اعتراض اٹھانے سے متعلق آگاہ کیا گیا ہے۔

انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کی جانب سے ’سیگنیفکنٹ سیفٹی کنسرن‘ اعتراض اُٹھانے سے پاکستان کی سول ایوی ایشن پر عائد سفری پابندیاں بھی ختم ہوجائیں گی۔ جس کی روشنی میں دوسرے مرحلے میں الیکٹرانک بلیٹن جاری کیا جائے گا۔

سول ایوی ایشن پر اکاؤ کے اس اعتراض کے خاتمے سے یورپی یونین کی جانب سے بھی پاکستان پر عائد سفری پابندیاں بھی اُٹھائے جانے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں جس پر سول ایوی ایشن نے برطانیہ اور یورپی یونین سے رابطے شروع کر دیئے ہیں۔

سول ایوی ایشن برطانیہ اور یورپی یونین ایئر سیفٹی ایجنسی کو سی اے اے کی جانب سے حفاظتی خدشات کے حل کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا جائے گا اوراس بات پر زور دیا جائے گا کہ پاکستانی رجسٹرڈ ایئر لائنز کو جلد از جلد برطانیہ اور یورپ کے لیے آپریشن کی اجازت دی جائے۔

واضح رہے کہ عالمی ہوابازی کی تنظیم اکاؤ نے دسمبر میں پاکستان سول ایوی ایشن کا مکمل آڈٹ کیا تھا جس میں سی اے اے نے 72.77 فیصد رینکنگ حاصل کی تھی جس پر اکاو نے اطمینان کا اظہار کیا تھا۔


متعلقہ ٹیگز اور موضوعات: