منگل، 20 اکتوبر 2026ء9 جمادی الاول، 1448 ہجریھ4 کاتک 2083 بکرمی
پسرور

اپنا پسرور

pasrur.pk
شہرِ پسرور (Pasrur)ضلع سیالکوٹ
23°C صاف•لائیو اپڈیٹس
اسلام آباد
22 اگست 2022Mian Ashfaq

شہباز گل پر تشدد کا الزام، یوٹیوبر کی گرفتاری کے بعد حامد میر کی باری؟

شہباز گل پر تشدد کا الزام، یوٹیوبر کی گرفتاری کے بعد حامد میر کی باری؟
مطالعہ کا وقت: تقریباً 2 منٹ (293 الفاظ)

تحریک انصاف کے شہباز گِل پر پولیس حراست میں تشدد کا الزام عائد کرنے والے یوٹیوبر جمیل فاروقی کو اسلام آباد پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

پیر کی صبح اسلام آباد پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ ’یوٹیوبر جمیل فاروقی کو کراچی سے گرفتار کیا گیا ہے۔ جمیل فاروقی کے خلاف اسلام آباد کیپیٹل پولیس پر جھوٹے الزامات لگانے کا مقدمہ تھانہ رمنا میں درج ہے۔ ملزم نے اپنے وی لاگ میں اسلام آباد کیپیٹل پولیس پر جھوٹا الزام لگایا تھا کہ ملزم شہباز شبیر پر پولیس نے جسمانی اور جنسی تشدد کیا۔‘

بیان کے مطابق اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے اشتعال انگیز، من گھڑت اور جھوٹے الزامات لگانے والوں کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیا تھا۔

قبل ازیں اسلام آباد پولیس نے اس سے قبل کہا تھا کہ ملزم شہباز شبیر پر جسمانی ریمانڈ کے دوران کسی قسم کا کوئی تشدد نہیں کیا گیا۔


اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے تھا کہ ملزم نے عدالت میں پیش کرنے پر بھی تشدد سے متعلق کوئی بات نہیں کی۔

ترجمان نے کہا کہ شہباز گل کا باقاعدہ میڈیکل کرایا گیا، کوئی تشدد نہیں ہوا، عدالتوں اور معزز ججز نے میڈیکل کا باقاعدہ جائزہ لیا، اسلام آباد پولیس تشدد سے متعلق تمام الزامات کی تردید کرتی ہے۔

سوشل میڈیا پر صارفین ٹی وی اینکر حامد میر کے ایک بیان کا کلپ شیئر کر کے اُن کی گرفتاری کا بھی مطالبہ کر رہے ہیں۔

ویڈیو میں حامد میر نے شہباز گل پر اسلام آباد پولیس کی حراست میں تشدد کا دعویٰ کیا تھا۔