چوھدری غلام عباس صاحب نوشہرہ ککے زٸیاں میں سوٸی گیس فراہمی کا افتتاح کرتے ہوٸے

منتخب اداروں میں مزدوروں اور کسانوں کے لیئے90فیصد اور جاگیر دار اور صنعتکاروں کے لیئے ایک فیصدنشستیں مختص کی جائیں:غلام عباس
پسرور:سابق صوبائی وزیر اور سینئر سیاستدان چودھری غلام عباس نے کہا ہے کہ پاکستان میں جاگیر دار اور صنعتکار کُل آبادی کا محض ایک فیصد سے بھی کم ہیں لیکن انہوں نے تمام قومی اداروں میں 90فیصد نمائیندگی حاصل کررکھی ہے لہذا وہ اپنی کمیونٹی کے فائدے کے لیئے قانون بناتے ہیں انہیں عوام کے مسائل سے کوئی غرض نہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ ککے زٸیاں میں سوٸی گیس فراہمی کا افتتاح کرتے ہوٸے کیا چودھری غلام عباس نے کہا کہ معاشرے کے طاقتور لوگوں نے جمہوریت کے نام پر گزشتہ 73برسوں میں پاکستانی عوام کا بدترین استحصال کیا ہے انہوں نے کہا کہ مشرقی پاکستان کی علیحدگی کا بھی سب سے بڑا سبب یہی تھا کہ طبقاتی اور معاشی تقسیم کو بالائے طاق رکھتے ہوئے جاگیر دار اور سرمایہ داروں نے مسلسل اقتدار پر قبضہ جمائے رکھا اور رہی سہی کسر طالع آزماؤں نے جمہوریت کی بساط پلٹ کر نکال دی انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کے مسائل اس وقت حل ہوسکتے جب منتخب اداروں میں مزدوروں اور کسانوں کے لیئے90فیصد،اوورسیز پاکستانیوں کے لیئے 5فیصد،ٹیکنوکریٹس کے لیئے 4فیصد اور جاگیر دار اور صنعتکاروں کے لیئے ایک فیصدنشستیں مختص کی جائیں گی۔سابق صوبائی وزیر چودھری غلام عباس نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ایک دیانتدار اور محب وطن پاکستانی سیاستدان ہیں جو پاکستان کو دنیا کا عظیم ترین ملک بنانا چاہتے ہیں انہوں نے امریکہ کو فوجی اڈے نہ دے کر قوم کے دل جیت لیے ہیں مگر بدقسمتی سے مفاد پرست جاگیر دار اور سرمایہ دار اور کرپٹ بیوروکریسی عمران خان کے مشن کی تکمیل میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے۔ چودھری غلام عباس نے کہا کہ پنجاب حکومت سیالکوٹ پسرور روڈ، جوڈیشل کمپلیکس اور 7 رابطہ سڑکوں کے لیے فنڈز فراہم کرے تاکہ ہم لوگوں کے پاس جا کر آزاد کشمیر اسمبلی الیکشن اور پی پی 38 میں ضمنی الیکشن کے لیے پی ٹی آٸی کے امیدواروں کے لیے ووٹ مانگ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 3 سال سے فنڈز نہ ملنے کی وجہ سے لوگ پوچھتے ہیں کہ پی ٹی آٸی کی حکومت نے سیالکوٹ پسرور روڈ اور رابطہ سڑکیں کیوں نہیں بنواٸیں؟ چودھری غلام عباس نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب پسماندہ تحصیلوں کے لیے خصوصی فنڈز مہیا کریں۔ اس موقع پر انہوں نے شعلہ جلا کر گیس کی فراہمی کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر قمر عباس چاند، ملک منیر حسین، ملک محمد طاہر، ملک ضیا، عمر فاروق ملک، میاں عثمان عزیز، میاں عثمان حسیب، ملک اورنگزیب ، شیخ طیب، مصور شاہ حکیم شھزاد سلیم، شیخ ابراھیم، میاں جعفر آصف، میاں بلال اف نوشہرہ موجود تھے۔