Page Nav

HIDE

Grid

GRID_STYLE
True

Pages

بریکنگ نیوز

latest

کوانٹم سے آگے (25) ۔ متوازی کائناتوں کے مسائل

سائنس سے ہٹ کر، ایوریٹ کی کوانٹم مکینکس دو قسم کے اخلاقی مسائل کھڑے کرتی ہے۔ سب سے پہلا تو یہ اس کے مطابق ہم اگر اپنے مسائل اور مصائب دور کر...


سائنس سے ہٹ کر، ایوریٹ کی کوانٹم مکینکس دو قسم کے اخلاقی مسائل کھڑے کرتی ہے۔ سب سے پہلا تو یہ اس کے مطابق ہم اگر اپنے مسائل اور مصائب دور کرنے کے لئے کام کریں تو اس کا کوئی فائدہ نہیں۔ ہر جاندار اور باشعور وجود ہر قسم کے مسائل کا سامنا کہیں نہ کہیں کر رہا ہے۔ اور یہ مصائب اور تکالیف اصل ہیں۔ میری کامیابی اور ناکامی کی کوشش کا کوئی فائدہ نہیں کیونکہ ہر امکان کا وقوع پذیر ہونا اصل ہے۔ امکان اور حقیقت کی تفریق مٹا دینے کا اثر اس دنیا کو بہتر کرنے کی ہماری خواہش پر بھی براہِ راست ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شاید آپ سوال کریں کہ لیکن کیا تھرموڈائنامکس کا دوسرا قانون بھی ایسا نہیں کرتا جو بتاتا ہے کہ ہر شے اور وجود کو فنا ہے۔ کچھ بھی کر لیں، جیتنا تو انٹروپی نے ہی ہے۔ ایک فرق تو یہ ہے کہ ہمیں معلوم ہے کہ تھرموڈائنامکس کا دوسرا قانون درست ہے۔ ہمارے پاس اس بارے میں انتخاب نہیں کہ اس پر یقین کیا جائے کہ نہیں۔ جبکہ ہمیں متوازی کائناتوں پر اور اپنی لامتناہی کاپیوں کے وجود پر یقین کرنے کے ساتھ ایسا نہیں۔  
اور دوسرا یہ کہ ایسے سائنسدانوں اور فلسفیوں پر کڑی تنقید کرنا بالکل جائز ہے جو فزکس کی بنیاد پر غیرضروری یاسیت اور بے مقصدیت پر مبنی نتائج اخذ کرتے ہیں۔ بے مقصد کائنات کی یاسیت کی وجہ ایک غیرمکمل تصویر ہے۔ یہ اس مثبت چیز کو نظرانداز کر دیتی ہے کہ خود کو منظم کرتی زندگی بھی اسی کائنات کا حصہ ہے جو ایکولیبریم سے بہت دور ہے۔
باشعور اور متجسس زندگی بھی اس کائنات کے اصولوں سے ہی ابھرنے والا معجزہ ہے۔
اگر سائنس سے ہمیں ایسا معلوم ہوتا کہ یاسیت یا بے مقصدیت کائنات کی حقیقت ہے تو یہ سائنس کے انسانی پراجیکٹ کے اختتام کا آغاز ہوتا۔ خوش قسمتی سے ایسا نہیں۔   
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کل ایک گاما رے میرے ڈی این اے سے ٹکراتی ہے اور اس سے نئی کائناتیں وجود میں آتی ہیں۔ کچھ میں میری کاپیوں میں کینسر ہو چکا ہو گا۔ کچھ میں نہیں۔ کسی میں اس کینسر سے جلد انتقال ہو جائے گا۔ کسی میں طویل زندگی ہو گی۔
اور یہ ہماری اخلاقی سوچ کے لئے بڑا چیلنج ہے کیونکہ اصل اور امکان کے اس فرق کو مٹا دینے کا مطلب یہ ہے کہ اس دنیا کو بہتر کرنے کے لئے میری خواہش اور کوشش بے کار ہو جاتی ہے۔ میں فاقہ زندگی، بیماری، ظلم مٹانے کی کوشش کرتا ہوں لیکن ویو فنکشن میں تو سبھی کچھ ہے۔ نیوکلئیر جنگ؟ ماحولیاتی خرابی؟ زمین کے بہت سے دوسرے ورژن ہیں اور انسانیت کسی شاخ میں اس کو ٹھیک کر لے گی۔
ان کاپیوں کا مطلب یہ ہے کہ میرا ہر انتخاب بے معنی ہے۔ میں کچھ بھی انتخاب کروں، میرا ایک ورژن اس سے الٹ انتخاب کرے گا۔ تو پھر میرے انتخاب سے فرق کیا پڑتا ہے؟ ایسی شاخیں ہوں گی جس میں میں مجسم برائی ہوں گا اور ایسی ہوں گی جس میں مجسم اچھائی۔ تو پھر میں فی الحال، صرف وہی کیوں منتخب کیوں نہ کروں جو میرے خودغرض فائدے کے لئے ہو؟ میرا کوئی اور ورژن بے لوث انتخاب کر لے گا، اور باقی شاخیں بھی اتنی ہی اصل تو ہیں جتنی میری والی شاخ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایورٹین کوانٹم تھیوری پر یقین رکھنے والا اصرار کرے گا کہ ہمارا کام دنیا پر اپنی مرضی لاگو کرنا نہیں۔ حقیقت کتنی ہی ناپسند کیوں نہ ہو، ہم اسے تلاش کرتے ہیں۔ ہماری خواہشات اور اخلاقی مضمرات کا اس میں عمل دخل نہیں۔
ایسے کسی نکتے پر لیکن اس پر میرا جواب یہ ہو گا کہ جب تک اس تشریح کو ترجیح دینے کے لئے کوئی فیصلہ کن آرگومنٹ نہیں ہے تو میں کوئی بھی تشریح اپنانے میں آزاد ہوں۔ میں اپنا وقت ایسی کاسمولوجی کو ڈویلپ کرنے کا انتخاب کروں گا جو مجھے نئے فزکس، نئے فینامینا، نئے پارٹیکل اور نئی سائنس کی کھوج پر راغب کرے۔ نہ کہ خود اس تلاش کو ہی بے معنی کر دے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
فزکس کے حوالے سے مسائل میں ایورٹین کوانٹم مکینکس کا سب سے بڑا مسئلہ امکان کی وضاحت ہے۔ مشہور پارٹیکل تھیورسٹ سٹیون وائنبرگ ایورٹین کوانٹم مکینکس کے بارے میں رائے دیتے ہیں۔ “مینی ورلڈ تشریح کا مسئلہ صرف ناپسندیدہ ہونا ہی نہیں۔ یہ پرابیبیلیٹی کا مسئلہ حل کرنے میں، باوجود کوشش کے، ناکام رہی ہے”۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایورٹین کوانٹم مکینکس کے حامی  کہتے ہیں کہ یہ اصل اور خالص کوانٹم مکینکس ہے۔ باقی تشریحات میں ہماری خواہشات کی ملاوٹ ہے۔ لیکن یہ دعوٰی غلط ہے۔
نصابی کتاب کی سٹینڈرڈ کوانٹم مکینکس اور کوانٹم تھیوری میں فزیکل سسٹم کے ارتقا کے دو رولز ہیں۔ (مشاہدے کے بغیر اور مشاہدے کے وقت)۔ مسئلہ صرف اتنا سا ہے کہ اس تھیوری کی کوئی رئیلسٹ تشریح نہیں۔
مینی ورلڈ تشریح اس میں سے ایک رول کو چھوڑ دیتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔
کوانٹم مکینکس کی کسی بھی طرح سے تشریح کرنے کی قیمت ہے۔ متوازی کائناتیں؟ رئیلیٹی اور سائنس کا عدم تعلق؟ خالی شاخیں؟ ایسے خیالات جن کے ٹیسٹ کئے جانے کا کبھی کوئی امکان نہ ہو؟ اور یہ ہمیں ایک بڑے سوال کی طرف لے جاتا ہے۔ آخر ایسا کیا راستہ ہو گا جس سے ہمیں فنڈامینٹل فزکس کی نئی تھیوری مل سکے جو نیچر کی درست اور مکمل وضاحت کر سکے؟    
(جاری ہے)