بابر اعظم کی ناقص کارکردگی: پانچ سال بعد ٹیسٹ رینکنگ کے ٹاپ 10 سے باہر

بابر اعظم کی ناقص کارکردگی: پانچ سال بعد ٹیسٹ رینکنگ کے ٹاپ 10 سے باہر
بابر اعظم ٹیسٹ رینکنگ آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ محمد رضوان پاکستان کرکٹ بنگلہ دیش ٹیسٹ سیریز ناقص کارکردگی ٹیسٹ بیٹنگ جو روٹ کین ولیمسن

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور نمایاں بیٹر، بابر اعظم، مسلسل خراب کارکردگی کی وجہ سے پانچ سال بعد آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ کے ٹاپ 10 سے باہر ہوگئے ہیں۔ انڈیا ٹوڈے کے مطابق، بابر اعظم کی بنگلہ دیش کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز میں مایوس کن پرفارمنس کے بعد انہیں عالمی ٹیسٹ رینکنگ کے بہترین 10 بیٹرز کی فہرست سے نکال دیا گیا ہے۔

بابر اعظم نے دسمبر 2019 کے بعد پہلی مرتبہ اس فہرست سے باہر ہونے کا سامنا کیا ہے۔ انہوں نے بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی چار اننگز میں مجموعی طور پر صرف 64 رنز بنائے۔ دسمبر 2022 سے لے کر اب تک بابر اعظم کوئی بھی ٹیسٹ سینچری بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکے اور آخری 16 اننگز میں وہ ایک بھی ففٹی بنانے میں ناکام رہے ہیں۔

اس وقت آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستان کے واحد کھلاڑی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان ہیں، جو دسویں نمبر پر موجود ہیں۔ عالمی ٹیسٹ رینکنگ میں انگلینڈ کے جو روٹ پہلے نمبر پر ہیں، نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن دوسرے اور ڈیرل مچل تیسرے نمبر پر ہیں۔ آسٹریلیا کے سٹیو سمتھ چوتھے اور انگلینڈ کے ہیری بروک پانچویں نمبر پر براجمان ہیں۔

انڈین کپتان روہت شرما چھٹے، نوجوان انڈین بیٹر یاشسوی جیسوال ساتویں اور وراٹ کوہلی آٹھویں نمبر پر ہیں۔ نویں نمبر پر آسٹریلیا کے عثمان خواجہ اور دسویں نمبر پر محمد رضوان موجود ہیں۔