Page Nav

HIDE

Grid

GRID_STYLE

Pages

بریکنگ نیوز

latest

روس سے گیس فراہمی کے منصوبے پر کام کرنے پر ترکیہ اور پاکستان متفق

ترکی اور پاکستان نے روس سے پائپ لائن کے ذریعے پاکستان کو گیس کی فراہمی کے منصوبے پر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان او...

ترکی اور پاکستان نے روس سے پائپ لائن کے ذریعے پاکستان کو گیس کی فراہمی کے منصوبے پر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور وزیراعظم شہباز شریف کی اہم دوطرفہ ملاقات شنگھائی تعاون تنظیم (ایس-سی-او) کے رکن ممالک کے ریاستی سربراہان کی کونسل کے اجلاس کے موقع پر ہوئی۔

ملاقات میں دونوں راہنماؤں نے دو طرفہ تجارت کے فروغ کے علاوہ روس سے پائپ لائن کے ذریعے پاکستان کو گیس کی فراہمی کے منصوبے پر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ دوطرفہ تجارت کے فروغ، گیس کی فراہمی سمیت لارج سکیل منصوبوں کے امکانات اور ان پر عملدرآمد پر بھی دونوں قائدین کا اہم اتفاق رائے ہوا ہے۔

ملاقات میں ترکیہ کے صدر اور وزیراعظم شہباز شریف نے باہمی گرمجوشی پر مبنی خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ترکیہ کے صدر نے کہاکہ مجھے آپ سے مل کر بڑی خوشی ہو رہی ہے۔ آپ کے بڑے بھائی (نوازشریف) کے ساتھ امور کار انجام دینے کی بہت اچھی یادیں وابستہ ہیں جن سے قزاخستان اور باشکیریا، روس میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس کے موقع پر میری ملاقات ہوئی تھی۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے کورونا وبا کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا فروغ متاثر ہوا ہے تاہم خزاں کے مہینے میں بین الحکومتی کمشن کا اجلاس کراچی میں ہونے جا رہا ہے۔ صدر ایردوان نے کہاکہ ہم جنوب مشرقی ایشیاء اور مجموعی طور پر ایشیاء میں پاکستان کو اپنا ترجیحی شراکت دار تصور کرتے ہیں۔ نہایت مثبت انداز میں ہمارے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات فروغ پا رہے ہیں جس پر ہمیں بے حد خوشی ہے۔

ترکیہ کے صدر نے کہاکہ ایسے امور ہیں جن پر ہمیں کام کرنے کی ضرورت ہے۔ کئی شعبوں ہیں جن میں ہماری نظر میں امکانات بہت اچھے ہیں۔ ان میں ریلوے ٹرانسپورٹیشن اور توانائی شامل ہے۔ بڑے اور دلچسپ ترقیاتی منصوبے ہیں جن میں ‘پاکستان سٹریم گیس پائپ لائن منصوبہ بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ‘ایل-این-جی’ کی ترسیل کے لئے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں یہ منصوبہ اہم ہے۔

اس منصوبے کا بنیادی مقصد روس سے پائپ لائن کے ذریعے پاکستان کو گیس کی فراہمی ہے۔ اس ضمن میں اہم بات یہ ہے کہ روس، قزاخستان اور ازبکستان میں کسی حد تک اس پائپ لائن کے لئے بنیادی ڈھانچہ پہلے سے موجود ہے۔

صدر ایردوآن نے کہا کہ ہم بہت سارے دیگر دلچسپ منصوبوں پر عملدرآمد کر سکتے ہیں۔ اس مقصد کے حصول کے لئے ہم مثبت جذبے اور عزم کے ساتھ حتی المقدور کام کرتے رہیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سیلاب زدگان کی مدد کے لئے ترکیہ کی فراخ دلانہ مدد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے صدر ایردوان کے لئے خیرسگالی کے پرجوش جذبات کا اظہار کرتے ہوئے گیس کی فراہمی، توانائی، ریلوے اور تجارت سمیت بڑے منصوبوں کے حوالے سے صدر ایردوان کی سوچ کا خیرمقدم کیا اور مل کر آگے بڑھنے کی یقین دہانی کرائی۔